الفاظ میں پوشیدہ جہان

زیادہ سوچنا انسانی دماغ پر دباؤ ڈال سکتا ہے، تحقیق

بہت زیادہ سوچنا ہماری ذہنی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، تحقیق

ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیادہ سوچنا انسان کی ذہنی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔ نیدرلینڈ کی ریڈباڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں یہ پایا گیا کہ ضرورت سے زیادہ سوچنا چڑچڑاپن، مایوسی، اور ذہنی دباؤ جیسی منفی کیفیات پیدا کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، زیادہ سوچنے سے انسان خود کو تھکاوٹ کا شکار محسوس کرنے لگتا ہے اور یہ کیفیت کام کرنے کی صلاحیت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ یہ تحقیق تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں کام کرنے والے افراد جیسے اساتذہ اور مینیجرز کے لیے خاص طور پر اہم ہے، کیونکہ انہیں اکثر ذہنی محنت اور چیلنجنگ سرگرمیوں کا سامنا رہتا ہے۔

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ذہنی طور پر محنت کرنے والے افراد زیادہ سوچنے کی وجہ سے مطمئن محسوس کریں گے، لیکن اس تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ مسلسل ذہنی سرگرمی درحقیقت انسان کو تھکا دیتی ہے، جس سے چڑچڑاہٹ اور ذہنی تھکان پیدا ہو جاتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج "سائیکولوجیکل بلیٹن” نامی جریدے میں شائع ہوئے ہیں، اور یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ذہنی سکون کے لیے ہمیں اپنے خیالات پر قابو پانا سیکھنا چاہیے اور بہت زیادہ سوچنے سے بچنا چاہیے۔