کم آمدنی والے افراد خوشی کے معاملے میں دولت مندوں سے آگے ہیں، یہ بات ایک حالیہ عالمی سروے میں سامنے آئی ہے۔ عمومی تصور یہ ہے کہ زیادہ پیسہ اور دولت زندگی میں سکون اور خوشی لاتے ہیں، لیکن اس تحقیق نے یہ ثابت کیا کہ چھوٹے درجے کی کمیونٹیز میں رہنے والے اور کم آمدنی والے افراد اکثر زیادہ اطمینان اور خوشی محسوس کرتے ہیں۔
اس سروے میں دنیا بھر سے تقریباً 3,000 افراد کی معلومات شامل کی گئیں، جن کا تعلق پانچ مختلف براعظموں سے تھا۔ محققین نے ان افراد سے نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بات کی، بلکہ ان سے یہ بھی پوچھا کہ وہ اپنی زندگی میں کتنی خوشی محسوس کرتے ہیں۔ حیران کن طور پر، چھوٹے دیہاتوں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ، جہاں جدید سہولیات اور دولت کی کمی ہوتی ہے، اکثر اپنی زندگی سے زیادہ مطمئن نظر آئے۔
محققین نے جنوبی امریکہ کے جنگلات، جنوبی ایشیاء کے پہاڑی علاقے اور افریقی گھاس کے میدانوں جیسے دور دراز علاقوں کا سفر کیا، جہاں لوگوں نے اپنی زندگی کی خوشی کو اپنی کمیونٹی، تعلقات اور فطرت کے قریب ہونے سے جوڑا۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ خوشی کا تعلق صرف دولت سے نہیں، بلکہ زندگی کے سادہ لمحات، کمیونٹی سپورٹ، اور قدرتی ماحول سے بھی ہو سکتا ہے۔
یہ سروے ثابت کرتا ہے کہ خوشی کا راز ہمیشہ دولت میں نہیں ہوتا، بلکہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں ہے، جو کم آمدنی والے افراد کو زیادہ اطمینان فراہم کرتی ہیں۔