ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی شدہ زندگی میں اختلافات اور علیحدگی کی خبریں بھارتی میڈیا میں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ابھیشیک کا ایک اور اداکارہ نمرت کور کے ساتھ مبینہ غیر ازدواجی تعلق اس علیحدگی کی بنیادی وجہ ہے۔
خبروں کے مطابق، فلم "دسوی” کی شوٹنگ کے دوران ابھیشیک اور نمرت کور کے درمیان قربت بڑھی، جس کے نتیجے میں ابھیشیک نے اپنی اہلیہ ایشوریا کو دھوکا دیا۔ کچھ رپورٹس کے مطابق ابھیشیک نے نمرت کے ساتھ تعلق کو سنجیدگی سے لینا شروع کر دیا تھا، مگر بعد میں اپنی غلطی کا احساس ہوا اور ایشوریا کے پاس واپس آنے کی کوشش کی۔ تاہم، ایشوریا نے انہیں دوبارہ قبول کرنے سے انکار کر دیا اور دونوں نے راستے الگ کر لیے۔
ایسی افواہیں مزید اس وقت زور پکڑیں جب ایشوریا نے اپنی بیٹی اور والدہ کے ساتھ وقت گزارنا شروع کیا اور اپنی والدہ کی سالگرہ میں بھی صرف بیٹی کے ہمراہ شرکت کی۔ اس تقریب میں ابھیشیک کی غیر موجودگی نے افواہوں کو تقویت دی۔ مزید برآں، ابھیشیک کے سوشل میڈیا پر طلاق سے متعلق پوسٹ کو لائیک کرنے سے ان افواہوں کو اور بھی ہوا ملی، لیکن کچھ دن بعد ابھیشیک نے اپنی شادی کی انگوٹھی دکھا کر اپنی شادی شدہ حیثیت کی تصدیق کی۔
ذرائع کے مطابق، ابھیشیک اپنے فلمی کیرئیر میں ناکامیوں کی وجہ سے خود کو ایشوریا کے سامنے غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں، جس نے ان کے تعلقات پر منفی اثر ڈالا ہے۔ دوسری جانب، ایشوریا اپنی مالی خودمختاری کے لیے شوہر پر انحصار نہیں کرتیں، اور مختلف شعبوں میں کی گئی سرمایہ کاری سے اپنے اخراجات پورے کرتی ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا کی شادی کو 17 سال سے زائد ہو چکے ہیں، لیکن موجودہ حالات میں ان کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر رہی ہیں۔